ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ساحلی کرناٹکا میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ؛ مینگلور کے قریب سولیا میں چلتی ٹرک پر درخت گر پڑا؛ ڈرائیور ہلاک، کلینر زخمی

ساحلی کرناٹکا میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ؛ مینگلور کے قریب سولیا میں چلتی ٹرک پر درخت گر پڑا؛ ڈرائیور ہلاک، کلینر زخمی

Tue, 28 Jun 2016 16:52:13  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل؍مینگلور 28 جون (ایس او نیوز) بھٹکل اور مینگلور سمیت پورے ساحلی کرناٹکا میں موسلادھار بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہا جس سے عام زندگی مفلوج ہوکر  رہ گئی۔ زور دار بارش کے نتیجے میں کئی علاقوں میں درخت اُکھڑنے کی اطلاعات ملی ہیں وہیں مینگلور کے قریب سولیا میں چلتی لاری پر بھاری بھرکم درخت گرنے سے لاری ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہونے کا اندوہناک واقعہ بھی پیش آیا ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق لاری پر درخت گرنے کی واردات پیر کو اُس وقت پیش آئی جب ایک لاری پُتور سے مینگلور کی طرف جارہی تھی کہ اوڈابائی نامی مقام پر سڑک کے کنارے واقع ایک گھنا اور بھاری بھرکم درخت پوری قوت کے ساتھ ٹرک پر گر گیا۔ درخت گرتے ہی لاری کا اوپری حصہ نیچے کی طرف دب گیا، جس کے نتیجے میں لاری ڈرائیور جس کی شناخت محمد کی حیثیت سے کی گئی ہے، موقع پر ہی چل بسا، لاری پر موجود کلینر بھی اس حادثے میں شدید زخمی ہوا ہے جس کی شناخت سواد کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ اسے مقامی اسپتال سے ابتدائی طبی امداد پہنچانے کے بعد مینگلور لے جایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لاری پر ایک اور شخص موجود تھا، مگر وہ درخت گرتے ہی باہر کود گیا، جس سے وہ بال بال بچ گیا۔

اس بات کی بھی اطلاع ملی ہے کہ اُسی درخت کے نیچے سندر نامی ایک پھل فروش بھی بیٹھا ہوا تھا، جیسے ہی درخت کے اُکھڑنے کی آواز سنی وہ فورا درخت سے دور بھاگ گیا اور اپنی جان بچائی۔ 

درخت گرنے سے اطراف کے چار بجلی کے کھمبے بھی گرگئے ہیں۔

جے سی بی مشین کے ذریعے درخت کو الگ کرکے ڈرائیور کی لاش کو باہر نکالاگیا۔اس موقع پر قریب ایک گھنٹے کے لئے نیشنل ہائی وے بلاک ہوگیا تھا۔

بھٹکل میں زوردار بارش: بھٹکل میں قریب ایک ہفتہ سے جاری زوردار بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔ بھٹکل میں پیر شام اٹھ بجے سے آج منگل آٹھ بجے تک 128.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات سے ملی اطلاع کے مطابق بھٹکل میں آج منگل تک جملہ 1372.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو گذشتہ سال  28 جون تک ہوئی بارش کے مقابلے میں 429.5 ملی میٹر بارش زائد ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ سال 28 جون تک 942.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔


Share: